ہمارا عزم ورلڈ کپ کےلئے ٹیم کو تیار کرنا تھا، کسی بھی تجربے کے نتائج براہِ راست نہیں ملتے؛ شاہین شاہ آفریدی

25

اسلام آباد، 21 جنوری(اے پی پی ):پاکستان ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے  کہ ہمارا عزم ورلڈ کپ کےلئے ٹیم کو تیار کرنا تھا، کسی بھی تجربے کے نتائج براہِ راست نہیں ملتے بلکہ مجموعی طور پر برداشت سے کام لینا پڑتا ہے۔

  نیوزی لینڈ کے خلاف آخری ون ڈے میں فتح حاصل کرنے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی بھی نوجوان کھلاڑی  کے لئے انٹرنیشنل سطح پر اچانک سے آکر کارکردگی دکھانا آسان مرحلہ نہیں ہوتا، ہماری جستجو تھی کہ ہم ٹیم میں مزید کیا بہتری لا سکتے ہیں ۔ نوجوان کھلاڑیوں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عباس آفریدی ایک اچھا آل راؤنڈر ہے اور انہوں نے اپنی باؤلنگ اور بیٹنگ سے  متاثر کیا ہے۔

شاہین شاہ آفریدی  نے کہا کہ صرف پاکستان کےلئے سوچتے ہیں ، ہم نے بطور ایک یونٹ کوشش کی کہ سب کو موقع دیا جائے۔ ٹیم میں سب فیصلے مشاورت سے کیے جاتے ہیں کوشش کریں گے کہ مثبت چیزوں ساتھ لے کر چلیں۔

محمد حفیظ پر بات کرتے ہوئے شاہین آفریدی نے کہا کہ اُنہوں نے ہر طرح کا تعاون کیا ہے اور ٹیم جیسا بھی پرفارم کرے سب کو بیک کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیریز  میں  باؤلنگ میں متاثر کن کارکردگی نہیں دکھا سکے، مجموعی طور پر باؤلنگ اچھی نہیں کر سکے۔