اسلام آباد،19 جنوری(اے پی پی ): نگران وفاقی وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ کہ ہم انسانوں کا شرف ہے کہ اللہ نے ہمیں اشرف المخلوقات بنایا، ہمیں اختلاف رائے کو مخالفت بننے سے روکنا ہو گا۔ داؤد یونیورسٹی کراچی میں بین المذاہب ہم آہنگی سیمینار سے خطاب کے دوران وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ معاشرے کا تعلیم یافتہ طبقہ ہم آہنگی کے فروغ میں کردار ادا کرے۔ ہمیں بین المذاہب ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو پہچاننا ہو گا نیز ہمیں چاہیے کہ دنیا سے جانے سے پہلے اسکے جمال میں اضافہ کریں۔
سیمینار کے دوران کراچی اور کوئٹہ کے بشپ فیڈرک جان، سابق رکن قومی اقلیتی کمیشن ڈاکٹر جے پال چھابڑیا، ڈاکٹر محسن نقوی، ڈین غزلی یونیورسٹی مفتی ارشاد احمد اعجاز، سردار رمیش سنگھ اور وائس چانسلر داؤد یونیورسٹی ڈاکٹر سمرین حسین نے بھی فکر انگیز گفتگو کی۔
سردار رمیشن سنگھ کا کہنا تھا کہ ہر مذہب محبت و بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ وزیر مذہبی امور انیق احمد درسگاہوں میں ایسے پروگرامز کے انعقاد پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔
ڈاکٹر کے پال چھابڑیہ نے کہا کہ مخالف مذاہب کے افراد کو یکساں اہمیت و احترام ملنا چاہیے۔ باقی پاکستانیوں کی طرح قائداعظم ؒاقلیتوں کے بھی ہیرو ہیں۔
داؤد یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سمرین حسین نے کہا ہمیں ہر قسم کے تعصب کو چھوڑ کر اپنے دائرہ کار میں بہتری کی کوشش کرنا ہو گی۔طلبہ اپنے بزرگوں اور اساتذہ کی باتوں کو توجہ سے سن کر عمل کریں۔ تقریب کے اختتام پر تمام مقررین کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔











