لاہور، 17 جنوری( اے پی پی ) :نگران صوبائی وزیر تعلیم منصور قادر نے کہا ہے کہ یونیورسٹیاں پنجاب حکومت کے کنٹریبیوٹری پینشن فارمولے کی روشنی میں اپنے پینشن قوانین وضع کریں۔ ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پینشن رولز کے بارے یونیورسٹیوں کو سرکلر جاری کرے۔ وائس چانسلرز حضرات اپنی یونیورسٹیوں میں غیر ضروری نئے ڈیپارٹمنٹس کھولنے سے گریز کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ ہائر ایجوکیشن کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ سنڈیکیٹ کے فیصلوں پر وی سیز کا محض نوٹیفکیشن جاری کر دینا کافی نہیں سنڈیکیٹ کی منظوری کے بغیر یونیورسٹی میں کوئی نیا ڈیپارٹمنٹ نہیں کھولا جا سکتا یونیورسٹیوں میں فی الحال نئی ریکروٹمنٹ نہ کی جائے، منصور قادر نے کہا کہ یونیورسٹیوں کا اکیڈمک سٹاف تین سال سروس سے پہلے ایکس پاکستان سٹڈی لیو یا ڈیپوٹیشن پر نہیں جا سکتا۔
صوبائی وزیر تعلیم نے جھنگ یونیورسٹی میں گرلز ہاسٹل میں مرد وارڈن رکھنے کا رکھنے کا سخت نوٹس لیا اور وائس چانسلر کو فوری انکوائری مکمل کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔صوبائی وزیر نے یونیورسٹی کی اراضی پر قبضے کے بارے بھی وائس چانسلر کو انکوائری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔