سکھ یاتریوں کی آسانی و سہولت کیلئے پاکستان کے اقدامات قابل تعریف ہیں،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

5

لاہور،23فروری  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کرتار پور راہداری امن کی علامت ہے۔سکھ یاتریوں کی آسانی اور سہولت کیلئے پاکستان کے اقدامات قابل تعریف ہیں۔پاکستان امن کا خواہش مند ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز کرتار پور میں مختلف مقامات کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر صدر مملکت کو سی ای او پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ نے کرتار پور میں سکھ یاتریوں کی سہولت کیلئے کئے گئے اقدامات پر بریفنگ دی اور سکھ مذہب وکرتار پور کی تاریخ بارے بتایا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے  یاتریوں کیلئے کئے گئے انتظامات کو سراہا اورکہا کہ کرتا ر پور راہداری امن کی علامت ہے، سکھ یاتریوں کی آسانی اور سہولت کیلئے پاکستان کے اقدامات قابل تعریف ہیں،پاکستان تمام سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہتا ہے، کرتار پور راہداری سے پاکستان نے دنیا کو پیغام دیا کہ پاکستان امن کا خواہش مند ہے، پاکستان کا پیغام امن کا پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کے ایسے مزید اقدامات سے خطے میں امن کو فروغ ملے گا ، سکھ مذہب نے امن اور اتحاد لوگوں کو آپس میں جوڑنے کا درس دیا۔ مزید براں صدر مملکت نے اپنے دورے کے دوران میوزیم اور لنگر خانے کا دورہ بھی کیا۔