وزیراعلی پنجاب نے کمشنر لاہورڈویژن کے نئے دفتر کا افتتاح کر دیا

0

 

لاہور،12فروری(اے پی پی):جی ا و آر میں سابق نیول وار کالج کی جگہ کمشنر لاہورڈویژن کانیا آفس بن گیا۔وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے افتتاح کردیاہے۔ کمشنر لاہورڈویژن آفس کیلئے اپر مال،جی او آر ون،بروم ہیڈ عمارت کی بحالی اورتزئین و آرائش کا پہلا مرحلہ مکمل کر لیا گیا ہے۔

 وزیراعلی محسن نقوی نے نئے کمشنر آفس کا معائنہ کیا اور کمشنر لاہور ڈویژن سمیت نئے کمشنر آفس میں دیگر افسران کے دفاتر دیکھے۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ نئے کمشنر آفس کولاہور کی بہترین اورمرکزی جگہ پر منتقل کیا گیا ہے اور عوام کو نئے کمشنر آفس آنے جانے میں سہولت ہوگی۔وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ انتظامی افسران عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور اپنے دروازے کھلے رکھیں۔

کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے نئے کمشنر آفس کی تزئین و آرائش کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آفس میں مانیٹرنگ اور جدید ترین کنٹرول روم کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے۔ کمشنر آفس لاہور ڈویژن کا دفتر ایک لمبے عرصہ سے ایک کرائے کی عمارت میں تھا، جہاں پارکنگ، دفاتر کی کمی سمیت مختلف مسائل کا سامنا تھا۔

انسپکٹر جنرل پولیس،ایڈیشنل چیف سیکرٹری،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،سی سی پی او،سیکرٹری صحت،ڈی جی والڈ سٹی اتھارٹی، ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔