اسلام آباد،12 فروری(اے پی پی): نگران وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ اس سال حاجیوں کو ماضی کے مقابلے میں زیادہ اور بہتر سہولتیں دی جا رہی ہیں،پاکستانی حجاج سعودی عرب میں اپنے ملک کے وقار میں اضافہ کریں اور اپنے طرز عمل سے ایک مہذب قوم ہونے کا ثبوت دیں۔ میدان عرفات میں ملک کے استحکام و سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد میں آج بروز پیر پہلی حج تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے عازمین حج سے کہا کہ حج خود سے خدا تک کے سفر کا نام ہے۔ حج تربیتی ورکشاپس میں مناسک حج کے ساتھ ساتھ انتظامی امور کی تربیت کا بھی خاص اہتمام کیا گیا ہے اس لیے تمام عازمین حج کیلئے تربیت حاصل کرنا لازم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سال حاجیوں کو ماضی کے مقابلے میں زیادہ اور بہتر سہولتیں دی جا رہی ہیں جبکہ پیکج میں گزشتہ سال کے مقابلے میں ایک لاکھ روپے کم رکھے گے ہیں اس کے علاوہ حاجیوں کے لئے ایپ بنائی ہے جو حاجیوں کیلئے بہت مفید ہوگی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حاجیوں کو حکومت کی جانب سے فری موبائل فون سم، ایک بریف کیس اور خواتین کو عبایا دیئے جائیں گے۔
انیق احمد نے بتایا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں پانچ ہزار 600 سے زائد درخواستیں آئیں جن کیلئے قرعہ اندازی کی گئی۔ تمام عازمین حج پاکستان کے سفیر ہیں۔ حجاج دعاؤں میں پاکستان میں امن استحکام اور سالمیت کی بھی دعا کریں۔