اسلام آباد، فروری 10 ( اے پی پی): پاکستان کے ٹینس سٹار کھلاڑی اعصام الحق اگلے چار سال کیلیے پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدرجبکہ کرنل (ر) ضیاء الدین قریشی پی ٹی ایف کے سیکریٹری منتخب ہو گئے ہیں ۔پاکستان ٹینس فیڈریشن کے انتخابات پی ٹی ایف کمپلیکس آسلام اباد میں منعقد ہوئے۔
انتخابات میں اعصام الحق نے 8ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی جبکہ مد مقابل میجر جنرل (ر)اصغر نواز 7 ووٹ حاصل کر سکے ۔سیکرٹری کے عہدے کےلئے لیفٹیننٹ کرنل( ر )ضیاء الدین بھی 8ووٹ حاصل کر کے سیکرٹری منتخب ہوگئے۔میجر سلمان جاوید کو سات ووٹ ملے۔خزانچی کی سیٹ پر عارف قریشی نو ووٹ حاصل کر کے منتخب ہوئے جبکہ عمر فاروق نے چھ ووٹ حاصل کیے۔
پاکستانی ٹینس سٹار اعصام الحق نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ میری پوری کوشش ہو گی کہ جس طرح ٹینس کے کورٹس میں پاکستان کے لیے نام پیدا کیا اسی طرح بطور صدر بھی ٹینس کی خدمت کر سکوں۔ اُنہوں نے کہا کہ ملک کے اندر کس طرح سے ٹینس کے فروغ اور معیار کو بہتر کیا جاسکتا ہے اس حوالے سے پلاننگ ہے اور انشاء اللہ ٹینس کھیل کی بہتری کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائیں گے۔
اعصام الحق کا کہنا تھا کہ جتنا بطورِ صدر اپنا تجربہ جونیئر کھلاڑیوں کے ساتھ شئیر کروں گا اور کوچنگ اور دیگر سٹاف کی ٹریننگ کے لیے بھی پلان تیار کریں گے۔ اعصام الحق قریشی نے میڈیا کے رول پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جہاں بھی کوئی غلطی نظر آئے میڈیاان پر تنقید کریں، تنقید سے بہتری آتی ہے۔