اسلام آباد، 12 فروری(اے پی پی):الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابی اعتراضات کے حوالے سے شکایات رجسٹر کرانے کی غرض سے الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ آنے والے شکایت کنندگان کی رہنمائی کیلئے چار کاؤنٹرز قائم کر دیئے ہیں۔ہر صوبے کیلئے ایک علیحدہ کائونٹر بنایا گیا ہے۔تمام کاؤنٹر الیکشن کمیشن کی عمارت کے سامنے بنائے گئے ہیں۔اس حوالے سے الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ شکایات سیل میں چاروں صوبوں کے علیحدہ علیحدہ کاؤنٹرز قائم کئے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ شکایات سیل انتخابی نتائج سے متعلق قائم کئے گئے ہیں،درخواست گزار اپنے حلقے سے متعلق معلومات لے سکیں گے۔الیکشن کمیشن آج بروز پیر 67 درخواستوں پر سماعت کر رہا ہے جس کیلئے دو بنچ تشکیل دیئے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ممبر پنجاب اور ممبر کے پی پر مشتمل بنچ 29 درخواستوں پر جبکہ ممبر سندھ اور ممبر بلوچستان پر مشتمل بنچ 38درخواستوں پر سماعت کرے گا۔