الیکشن 2024؛ رحیم یار خان  میں پولنگ جاری ، سیکورٹی کے سخت انتظامات

15

رحیم یار خان،08 فروری (اے پی پی): الیکشن 2024 کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔ 1860 پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات عمل میں لائے گئے ہیں تمام پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کا عمل جاری  ہے۔

 ترجمان پولیس کے مطابق ضلع بھر کے 1860پولنگ اسٹیشنز پر تعینات سیکیورٹی ڈیوٹی الرٹ  ہے جبکہ ضلع بھر میں آفیسران کی طرف سے چیکنگ کا سلسلہ جاری  ہے۔ تحصیل کی سطح پر ایس پی انویسٹیگیشن ملک ضیاء الحق اور ایس پی ہیڈ کوارٹر جاوید اختر جتوئی سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے ڈیوٹی چیک کر رہے ہیں۔

 سٹی ایریا میں ڈی ایس پی لیگل محمد رزاق رانا سیکیورٹی ڈیوٹی چیک کرتے ہوئے کنٹرول روم مانیٹرنگ میں نگرانی کےفرائض سر انجام دے رہے ہیں ۔

 ترجمان پولیس کے مطابق سرکل پولیس آفیسران اپنے اپنے سرکل میں  ڈیوٹی پر تعینات آفیسران ،ملازمان کو بریفننگ دیتے ہوئے کہا کہ  چیکنگ کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ  ضلع بھر میں  ایلیٹ ٹیمز ، کوئک رسپانس فورس کے دستے گشت کناں ہیں ، پاک آرمی ، رینجرز کی کیو آر ایف ٹیمز بھی پولیس کی مدد کے لئیے ضلع بھر میں گشت جاری رکھے ہوئے ہیں۔

 ترجمان پولیس کے مطابق سیکٹر انچارچز اور سب سیکٹر انچارچز تھانہ کی سطح پر سکیورٹی کے فرائض سر انجام دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی پابندی کو یقینی بنا رہے ہیں۔ ضلع کے داخلی و خارجی راستوں پر مشکوک افراد ،تمام گاڑیوں کی سخت چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے،حساس پولنگ اسٹیشنز پرسیکیورٹی کو چیک کر نے کے لئے سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں ۔

 ضلع بھر کے تمام پولینگ اسٹیشنز کی سیکیورٹی ڈیوٹی اور تمام مراحل کو مرکزی سطح پر قائم ڈسٹرکٹ کنٹرول روم سے مانیٹر کیا جا رہا ہے، پولیس فورس ضلع بھر میں چاک و چوبند رہتے ہوئے سیکیورٹی ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دے رہی ہے ۔

الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو سختی سے یقینی بنایا جا رہا ہے،  کسی بھی قسم کی شر انگیزی ، لا قانونیںت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا ،اور امیدواروں سے بھی کہا کہ اس قومی فریضہ کے موقع پر وہ پولیس اور امن و امان کے ذمہ دار اداروں کے ساتھ بھر پور تعاون کریں تاکہ کسی کو بھی کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔