الیکشن 2024؛ وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے میڈیا ہیلپ لائن ایپ لانچ کر دی

15

اسلام آباد،05 فروری (اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے پی آئی ڈی میں میڈیا ہیلپ لائن ایپ لانچ کی جس کے ذریعے انتخابات کے دوران اور بعد میں میڈیا پرسنز شکایات رجسٹر کروا سکتے ہیں۔

اس موقع پر وفاقی وزیر نے میڈیا کے نمائندوں کو ایپ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات کے حوالے سے میڈیا سپورٹ کے لیے مختلف سرگرمیاں ہونگی جن میں 7 فروری کو میڈیا سینٹر کا بھی افتتاح کیا جائے گا اور پورے ملک میں الیکشن سیل قائم کیے جائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ نگران حکومت کی بنیادی ذمہ داری انتخابات کے عمل میں آئین پاکستان کی اعانت کرنا ہے، دو دن کے بعد انتخابات ہونگے اور پاکستان کی جمہوری تاریخ کا اہم واقعہ ہو گا جس میں بارہ کروڑ سے زائد پاکستان کے عوام ووٹ ڈالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے دیباچے میں لکھا ہے کہ اس ملک کو منتخب نمائندے چلائیں گے۔

اس موقع پر پرنسپل انفارمیشن آفیسر، ڈاکٹر طارق محمود خان نے میڈیا ہیلپ لائن ایپ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور میڈیا کو اسکی تفصیل سے آگاہ کیا۔