امریکی کونسل خانہ کے ڈپٹی چیف آف مشن اسلام آباد کا مغل بادشاہ نورالدین محمد جہانگیر کے مقبرہ کا دورہ

12

لاہور،5 فروری(اے پی پی): امریکی کونسل خانہ کے ڈپٹی چیف آف مشن اسلام آباد اینڈریو شوفر نے پیر کو مغل بادشاہ نورالدین محمد جہانگیر کے مقبرہ کا دورہ کیا اور فن تعمیر کے شاہکار مقبرہ کی  فنی مہارت کو سراہا۔نورالدین محمد جہانگیر چوتھا مغل شہنشاہ تھا جس نے 1605 سے 1627 تک ہندوستان پر حکومت کی اور 1627 میں وفات پائی۔ مقبرے کو دلکشا گارڈن میں تعمیر کرنے کا حکم شہنشاہ شاہ جہاں نے کیا اور  مقبرہ 1637 میں مکمل ہوا۔

والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی  کے حکام کی جانب سے پرتپاک استقبال کے بعد اینڈریو شوفر کو مقبرے کے چاروں اطراف کا دورہ کروایا  جبکہ انہوں نے مقبرے کے ایک مینار سے وسیع و عریض باغات اور آصف خان کے ملحقہ مقبرے اور قدرتی نظاروں کا بھی مشاہدہ کیا۔

امریکی کونسل خانہ کے ڈپٹی چیف آف مشن نے مغلوں کی پیچیدہ پیٹرا ڈورا کی سجاوٹ اور فریسکوس اور سنگ مرمر سے مزین اندرونی حصے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ بعد ازاں ان کو مقبرے سے  ملحقہ اکبری سرائے کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔