انتخابات کے حوالے سے  شکایات کہ ازالہ کے لئے قانونی فورمز موجود ہیں ؛ مرتضیٰ سولنگی

11

اسلام آباد،14 فروری(اے پی پی): نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ انتخابات کے حوالے سے اگر کسی کو شکایات ہیں تو اسکے ازالہ کے لئے قانونی فورمز موجود ہیں اور قانون کا عمل جاری رہنا چاہئے۔

 بدھ کو یہاں  الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو انتخابات کے بعد 14 دن کے اندر حتمی انتخابی نتائج جاری کرنا ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات کے علاوہ وزارت پارلیمانی امور کی ذمہ داری بھی مجھ پر ہے، قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس کے لئے سمری پر میرے دستخط ہوں گے، قانونی طور پر جب مناسب اور ضروری ہوگا اجلاس طلب کیا جائے گا۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 91 کے تحت صدر مملکت الیکشن کے بعد 21 دن کے اندر قومی اسمبلی کا اجلاس بلا سکتے ہیں، انتخابات سے 21 دن بعد قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی آخری تاریخ 29 فروری ہے، 29 فروری تک کسی بھی دن اجلاس بلایا جا سکتا ہے، آئین کے تحت قومی اسمبلی کا کوئی بھی رکن وزیراعظم، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر، کا انتخاب لڑ سکتا ہے۔

نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ بلوچستان حکومت ملکی قوانین کے تحت مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں اور مجھے یقین ہے کہ لوگوں کی مشکلات دور ہوں گی۔