اسلام آباد،08 فروری(اے پی پی ): نگران وزیر داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے انتخابات 2024 کیلئے وزارت داخلہ میں قائم کنٹرول روم، سیف سٹی اسلام آباد اور پولنگ اسٹیشن کا دورہ کیا۔ کنٹرول روم آمد پر کورآڈینیٹر نیشنل ایکشن پلان نے وزیر داخلہ کو ملک میں عام انتخابات کے دوران سیکورٹی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی۔
سیکریٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد وزیر داخلہ کے ہمراہ تھے۔
اس موقع پر نگران وزیر داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ ملک بھر میں پولنگ کا عمل خوش اسلوبی سے جاری ہے،۔انہوں نے کہا کہ پولنگ کے عمل کی کڑی نگرانی جاری ہے، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، امید ہے ملک بھر میں انتخابات کا عمل پر امن طریقے سے مکمل ہو گا۔
وزیر داخلہ نے سربراہ کامن ویلتھ کے آبزرور مشن ڈاکٹر گڈ لک جوناتھن کے ہمراہ سیف سٹی اسلام آباد کا دورہ بھی کیا۔آئی جی اسلام آباد نے شہر میں امن وامان اور پولنگ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ اسلام آباد میں انتخابات کا عمل پر امن طریقے سے جاری ہے، فی الحال کو ئی شکایت موصول نہیں ہوئی ہے ۔