او آئی سی ممالک کی انجینئرنگ صلاحیت بڑھانے کے لیے کامسٹیک اور پاکستان انجینئرنگ کونسل نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کردیئے

16

اسلام آباد،21فروری  (اے پی پی):اسلامی ممالک کی تنظیم  کی وزارتی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی اور تکنیکی تعاون کامسٹیک اور پاکستان انجینئرنگ کونسل نے بدھ کو کامسٹیک سیکرٹریٹ میں مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کر دیئے۔بدھ کو کامسٹیک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یادداشت پر کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چودھری اور پاکستان انجینئرنگ کونسل کے سیکرٹری/رجسٹرار انجینئر نے دستخط کئے۔ ڈاکٹر ناصر ایم خان، چیئرمین پی ای سی انجینئر محمد نجیب ہارون اور دونوں اداروں کے اعلیٰ حکام بھی تقریب میں موجود تھے۔ کامسٹیک اور پی ای سی نے انجینئرنگ اور صحت کے شعبوں اور اختراعات پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے سائنس اور ٹیکنالوجی میں پیشہ ور افراد کے علم اور مہارت کو بڑھانے کے لیے ورکشاپس اور تربیتی پروگراموں کے انعقاد میں تعاون کرنے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے معلومات کو علم میں تبدیل کرنے اور طب اور انجینئرنگ کے طریقوں میں سائنسی اور شماریاتی اصولوں کو لاگو کرنے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے صنعتی، طبی اور زرعی مصنوعات اور خدمات کے لیے ٹیکنالوجی کی ترقی اور منتقلی کے لیے او آئی سی کے اتحادی پلیٹ فارمز کے ذریعے اپلائیڈ ٹیکنالوجی پر خصوصی زور دینے کے ساتھ پالیسیوں کو فروغ دینے اور تیار کرنے پر اتفاق کیا۔