اسلام آباد، 17 فروری(اے پی پی ): نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (این ایل سی) کے توسط سے وادی پھنڈر میں منعقد کیا جانے والا دو روزہ پھنڈ ر سرمائی آئس ہاکی ٹورنامنٹ اختتام پذیر ہو گیا ہے۔ غذر آئی بیکس ٹیم نے پھنڈر آئی بیکس کو 2-0 سے شکست دے کر آئس ہاکی ٹرافی اپنے نام کر لی جبکہ خواتین کے مقابلوں میں پھنڈر آئی بیکس نے یٰسین جانباز کو 1-0 سے شکست دے کر فتح حاصل کی ۔
روایتی کھیلوں کو فروغ دینے کے سلسلے میں این ایل سی نے مقامی تنظیموں کے تعاون سے گلگت بلتستان کے ضلع غذر کی خوبصورت وادی پھنڈر میں سرمائی کھیلوں کے تیسرے ایڈیشن کا انعقاد کیا ۔ کھیلوں کا آغاز رنگا رنگ تقریب سے کیا گیا جس میں گلگت کا روایتی رقص بھی شامل تھا ۔ کھیلوں کا اہتمام غذر سپورٹ نیٹ ورک اور آغا خان رورل سپورٹ پروگرام کی لوکل کونسل کے اشتراک سے کیا گیا ۔ان مقابلوں سے لطف اندوز ہونے کے لئے گلگت بلتستان اور ملک کے دیگر حصوں سے بڑی تعداد میں شائقین نے شرکت کی ۔
ٹورنامنٹ کا سب سے اہم پہلو خواتین کی شمولیت تھی ،خواتین کی ایک بڑی تعداد نے ٹورنامنٹ میں حصہ لیا ۔
واضح رہے کہ این ایل سی گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں قومی اہمیت کے متعدد ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہا ہے ۔ ماضی میں این ایل سی شندور پولو فیسٹیول اور پھنڈر پولو ٹورنامنٹ جیسے کھیلوں کے مقابلوں کو سپانسر کر چکا ہے ۔ اس کوشش کا مقصد نوجوانوں میں صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے جو انہیں ترقی، مہارت کی نشوونما اور ایک مثبت طرز زندگی کے فروغ کے لئے مواقع فراہم کرتے ہیں۔