اسلام آباد،5 فروری (اے پی پی): نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہےکہ مقبوضہ کشمیر کے لوگ مسلسل اپنے حق کے لئے آواز بلند کر رہے ہیں، ہر نسل نے اپنی بہادری کی ایک نئی داستان رقم کی ہے، بھارتی ظلم و ستم کے خلاف کشمیریوں کی چوتھی نسل بھی ڈٹ کر کھڑی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر وزارت امور کشمیر وگلگت بلتستان کے زیرِ اہتمام شاہراہ دستور پر منعقدہ واک سے خطاب میں کیا۔نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے یوم یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے لوگوں نے اپنی غلامی کے خلاف 1931 میں اپنی آواز بلند کی تھی اور قیام پاکستان کے وقت بھی کشمیری قیادت نے حق خود ارادیت کا مطالبہ کیا تھا۔
انھوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیر کا جبری الحاق کیا، یہ نہیں ہو سکتا کہ بھارت کشمیر کو قبرستان بنا دے، پاکستان کشمیری عوام اور ان کے حق خودارادیت کے ساتھ کھڑا ہے ،کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔











