اسلام آباد، یکم فروری (اے پی پی):51ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے پروبیشنری افسران نے آج یہاں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا،اس حوالے سے تقریب کا اہتمام کیا گیا ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام(بی آئی ایس پی) ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ( بی آئی ایس پی )بچت سکیم کا مقصد صارفین میں بچت کا رجحان پیدا کرنا ہے نیز خواتین کو درپیش مشکلات کے پیش نظر ادائیگی کا نیا نظام بھی متعارف کروایا جا چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل و مالیاتی خواندگی پروگرام کے ذریعے خواتین کو تربیت فراہم کی گئی ہے جبکہ شکایات کے اندارا ج و معلومات کے حصول کیلئے بی آئی ایس پی کال سینٹربھی قائم کیا گیا ہے۔
اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری بی آئی ایس پی عامر علی احمد نے بتایا کہ بی آئی ایس پی نے بینظیر کفالت کے سہ ماہی وظائف میں اضافہ کردیا ہے جس کے بعد ضرورت مند خواتین اب8750 سے 10,500 روپے فی سہ ماہی وصول کریں گی۔ جس کے تحت 9.2 ملین مستحق گھرانوں کی خواتین کو فائدہ پہنچ رہا ہے
سیکرٹری بی آئی یس پی نے مزید بتایا کہ بینظیر کفالت کے تحت 9.2 ملین جبکہ نشوونما پروگرام کے تحت 1.5ملین خواتین مستفید ہو رہی ہیں جبکہ تعلیمی وظائف پروگرام کے ذریعے 8.9 ملین بچوں کا سکولوں میں اندراج کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ بلوچستان اور سندھ کے دوردراز علاقوں میں پروگرام میں اندراج کیلئے موبائل رجسٹریشن وہیکلز بھی چلائی گئیں ہیں۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی ڈاکٹر امجد ثاقب نے اس موقع پر 51ویں کامن کے پروبیشنری افسران کو مبارکبادبھی دی۔ دورے کا مقصد تربیتی پروگرام کے حصے کے طور پر بی آئی ایس پی اور اسکے دیگر اقدامات کی آگاہی حاصل کرنا تھا۔