لاہور۔22فروری (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاہے کہ تھیلی سیمیا کے مرض کی روک تھام کیلئے عوام میں آگاہی ضروری ہے ، سندس فائونڈیشن کا تھیلی سیمیا کے حوالے سے کام قابل تحسین ہے،اسلام نے وراثت اور خواتین کے حقوق سے متعلق قوانین وضع کئے، تھیلی سیمیا کے مریضوں کیلئے لوگوں میں بڑھ چڑھ کر خون کا عطیہ دینے کا جذبہ موجود ہونا چاہئے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز گورنر ہائوس لاہور میں سندس فائونڈیشن کے زیر اہتمام خون کے عطیات جمع کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ سندس فائونڈیشن کی تھیلی سیمیا کے مریضوں کے علاج معالجہ میں معیاری سہولیات فراہم کرنے میں نمایاں خدمات ہیں جن کو کسی صورت فراموش نہیں کیا جا سکتا، اس حوالے سے سینئر صحافی سہیل وڑائچ ،سندس فائونڈیشن کے ڈائریکٹر خالد عباس ڈار و صدر یاسین خان اور حاجی سرفراز کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں اس مرض کے حوالے سے لوگوں میں شعور کی کمی تھی لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ تھیلی سیمیا کے مریضوں کیلئے بلڈ ڈونرز کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے لہذااس مرض میں کمی لانے کیلئے لوگوں میں بڑھ چڑھ کر خون کا عطیہ دینے کا جذبہ موجود ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ خون کی بیماریوں میں تھیلی سیمیاکے علاوہ ہیموفیلیا بھی ایک موذی مرض ہے، برطانیہ میں تھیلی سیمیا کےمرض میں گزشتہ بیس سال سے کمی واقع ہوئی ہے، منتخب حکومت کو چاہئے کہ نکاح کے ایک خانہ میں بلڈ ٹیسٹ کو ضروری قرار دیا جائے تاکہ تھیلی سیمیا اور اس سے دوسری بیماریوں کی روک تھام کی جا سکے۔
صدر مملکت نے کہا کہ مساجد کو تعلیم کے فروغ کے لئے کمیونٹی سنٹر کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے ، اسلام بنیادی طور پر دین فطرت ہے ، اسلام نے وراثت اور خواتین کے حقوق سے متعلق قوانین وضع کئے ہیں،ہمارے نبیؐ نے صدقہ اور خیرات کی اہمیت پر زور دیا ۔انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہوتی ہے کہ جتنا علم پڑھتا ہوں اس سے دوسرے بھی مستفید ہوں، چین کی ترقی میں بچوں کوتعلیم اور صحت کی معیاری سہولیات فراہم کرنے میں مضمرہے، ہمارا ملک قائداعظم کے اصولوں پر چلایا جانا چاہئے، یہ ملک جمہوریت کی بنیاد پر تشکیل دیا گیا ہے ،جمہوریت کے انہی اصولوں کو اپنا کر ملک ترقی کر سکتا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ پاکستان انشا اللہ آنیوالے دنوں میں دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہو گا۔قبل ازیں سندس فائونڈیشن کے رہنما سینئر تجزیہ نگار وصحافی سہیل وڑائچ وڈائریکٹر خالد عباس ڈار و صدر یاسین خان نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے آ خر میں ڈاکٹرز، بلڈ ڈونرز اور صحافیوں کو تعریفی اسناد بھی دی گئیں۔اس موقع پر ڈاکٹرزسندس فائونڈیشن کے عہدیداران بھی موجود تھے۔