ملتان،26فروری(اے پی پی) ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے نادار طبقے کیلئے فلاحی اقدامات جاری ہیں اس سلسلے میں مستحق خاندانوں میں ماہانہ بنیادوں پر امدادی چیک تقسیم کئے جارہے ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر آفس میں مستحق افراد میں امدادی رقوم تقسیم کرتے ہوئے کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس مبشرالرحمٰن اور اے ڈی سی جی محمد سیف بھی ہمراہ تھے۔
ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے کہا کہ نادار مرد و خواتین کو 25 سے 50 ہزار تک امدادی چیک فراہم کئے گئے ہیں جبکہ رمضان المبارک کے پیش نظر حکومت پنجاب عوامی مفاد میں خصوصی پلان تشکیل دے رہی ہے۔
رضوان قدیر کا مزید کہنا تھا کہ مستحق افراد کی فلاح و بہبود کیلئے جامع پالیسی مرتب کی ہے جبکہ سرکاری محکموں کو عوامی مفاد میں اقدامات کرنے کا ٹاسک دیا ہے۔