پشاور،19فروری(اے پی پی): خیبرپختونخوا میں گزشتہ شب سے جاری بارش کے دوران ریسکیو1122 کی خدمات جاری ہیں، جبکہ بارشوں کے باعث چھتیں گرنے سے 4 افراد جانبحق جبکہ 9 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ترجمان ریسکیو1122 بلال فیضی نے ریسکیو سرگرمیوں بارے میڈیا کو بتایا کہ ریسکیو1122 ڈیزاسٹر و میڈیکل ٹیموں نے ملبے کے نیچے سے تمام افراد کو نکالا اور تمام افراد کو ریسکیو1122 ایمبولیسنز میں طبی امداد فراہم کرتے ہوئے قریبی ہسپتال منتقل کیا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ بارش کے باعث سوات، لوئر دیر، اپر دیر، لوئر کرم، مردان اور خیبر میں عمارتیں منہدم ہوئیں اورکہا کہ ریسکیو1122 کی جانب سے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث کھڑے پانی کو نکالا جارہا ہے۔