خیبر پختونخوا اسمبلی، بابر سلیم اسپیکر، ثریا بی بی ڈپٹی اسپیکر منتخب

12

پشاور،29فروری(اے پی پی):خیبر پختونخوا اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا عمل مکمل ہوگیا ہے، جس میں خفیہ رائے شماری کے بعد سنی اتحاد کونسل کے بابر سلیم سواتی اسپیکر اور ثریا بی بی ڈپٹی اسپیکر منتخب ہو گئے ہیں۔

سنی اتحاد کونسل کے بابر سلیم سواتی نے 89 ووٹ لیے جب کہ ان کے مقابل اپوزیشن جماعتوں کے امیدوار احسان اللہ میاں خیل نے 17 ووٹ لیے۔نو منتخب اسپیکر خیبرپختونخوا بابر سلیم سواتی نے اسپیکر کے عہدے کا حلف بھی اٹھا لیا، مشتاق غنی نے ان سے حلف لیا۔

بعد ازاں ڈپٹی اسپیکر کے لیے رائے شماری ہوئی اور ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد سنی اتحاد کونسل کی امیدوار ثریا بی بی ڈپٹی اسپیکر منتخب ہو گئیں۔ انہوں نے 87 ووٹ حاصل کیے جب کہ ان کے مقابل پی ٹی آئی پی کے امیدوار ارباب وسیم خان نے 19 ووٹ حاصل کیے۔ ڈپٹی اسپیکر کے لیے مجموعی طور پر 106 ووٹ ڈالے گئے، جو کہ تمام درست پائے گئے۔