لاہور،14فروری (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر مذہبی امورو بین المذاہب ہم آہنگی انیق احمدنے کہا ہے کہ رواں برس کا حج پاکستانی عازمین کیلئے سہولیات کے اعتبار سے مثالی حج ثابت ہو گا، ملکی تاریخ میں پہلی بارپاکستان میں قلیل المدتی حج کی سہولت دی ہے، حج کے موقع پر تمام خواتین کو پاکستانی پرچم والا عبایا مفت فراہم کیا جائے گا ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز یہاں دارالحجاج حاجی کیمپ میں حاجیوں کے تربیتی سیشن کے آغاز کے موقع پر خطاب کرتے ہو ئے کیا۔ اس موقع پر تربیتی سیشن میں ڈائریکٹر حج لاہور اقرار احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر وزارت مذہبی امور عبدالحکیم خٹک ، ڈپٹی ڈائریکٹر عارف ظہور، ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر مجیب اکبر شاہ اور طاہر لطیف و دیگر بھی موجود تھے۔
نگران وفاقی وزیر انیق احمدنے کہا کہ حج خود سے خدا تک کے سفر کا نام ہے، حاجی اللہ کے مہمان ہیں اور ہمارے بھی، شفاف نظام کے تحت درخواست گذاروں میں سے قرعہ اندازی کے ذریعے خوش نصیب عازمین حج کا انتخاب کیا گیا ہے جن کی تربیت کا آغاز 12 فروری سے ہو چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب میں نے وزارت کا قلمدان سنبھالا تو سب پر واضح کر دیا تھا کہ سال2024میں پاکستانی عازمین حج کو بہترین سہولیات فراہم کریں گے ،انشااللہ رواں برس کا حج پاکستانی عازمین کے لیے ایک مثالی حج ثابت ہو گا اور جو سہولتیں ماضی میں نہیں ملیں وہ اس سال حاجیوں کو ملیں گی۔
پاکستانی حاجیوں کو سعو دی عرب میں ٹرانسپورٹ کی سہولت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رواں سال حاجیوں کو زیارات مقدسہ کیلئے بسوں کے ساتھ ساتھ ٹرین کی بھی سہولت میسر ہو گی ۔ ایک سوال کے جواب میں نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بارپاکستان میں قلیل المدتی حج کی سہولت دی ہے،ہم ہر حاجی کو سبز رنگ کاایک سوٹ کیس کیو آر کوڈ کے ساتھ دے رہے ہیں تاکہ حاجی اور اس کا سامان گم نہ ہو سکے، عازمین حج کوسات جی بی ڈیٹا 180 انٹرنیشنل کالنگ منٹس کے ساتھ سم بھی فری دی جائے گی تاکہ ا نہیں اپنے عزیز و اقارب سے رابطہ کرنے میں آ سانی ہو سکے ،پاکستان میں موجود اس سال خواتین کو پہلی دفعہ مفت عبایا بھی دیا جائے گا جس پر پاکستانی پرچم بنا ہو گا جو ملک کی پہچان کا باعث بنے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حجاج پاکستان کے سفیر ہیں ، ان سے التماس ہے کہ وہ دوران مناسک حج ملک و ملت کی سلامتی، خوشحالی اور سر بلندی کیلئے دعائیں کریں۔