اسلام آباد،29فروری(اےپی پی ): قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہاوس میں منعقد ہوا، قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس میں سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے نومنتخب ارکان سے حلف لیا۔
حلف اٹھانے والے اہم رہنماؤں میں میاں محمد نواز شریف،محمد شہباز شریف،آصف علی زرداری،بلاول بھٹو زرداری،مولانا فضل الرحمان ،سردار اختر مینگل،محمود خان اچکزئی، بیرسٹرگوہر علی خان،عمر ایوب خان، طارق بشیر چیمہ،چوہدری سالک حسین،خالد مگسی،خواجہ محمد آصف،سردار ایاز صادق، سید خورشید احمد شاہ، عامر ڈوگر،ریاض پیرزادہ اور دیگر شامل ہیں۔
تقریب حلف برداری کے بعد دوسرا مرحلہ اسمبلی کے نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا چناؤ ہو گا اور پھر اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے بعد وزیراعظم کا انتخاب ہو گا۔
افتتاحی اجلاس میں حلف برادری کے بعد نومنتخب اراکین قومی اسمبلی نے رول آف ممبرز پر دستخط کیے۔اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب میں حصہ لینے والوں سے پہلے دستخط کرائے۔
اجلاس کے دوران رہنما مسلم لیگ (ن) سردار ایاز صادق نے اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروادیے۔پیپلزپارٹی کے غلام مصطفیٰ شاہ نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروادیے، سیکریٹری قومی اسمبلی نے ایوان کے اندر ہی کاغذات نامزدگی وصول کیے۔سنی اتحاد کونسل کی جانب سے اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے ملک عامر ڈوگر جبکہ ڈپٹی اسپیکر کے لیے جنید اکبر خان نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائےبعد ازاں قومی اسمبلی کا اجلاس کل دس بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔