سکھر,21فروری(اے پی پی)سندھی ادبی سنگت کے زیر اہتمام پاکستان سمیت دنیا بھر میں مادری زبانوں کے عالمی دن 21 فروری کے حوالے سے سکھر پریس کلب پر ریلی نکالی گئی، اس موقع پر سندھی ادبی سنگت کے رہنماؤں شاعر،ادیبوں و سول سوسائٹی کے نمائندگان کی کثیر تعداد نے شرکت کی، اس موقع پر مذکورہ افراد نے نعریبازی کرتے ہوئے بتایا کہ اس دن کے منانے کا بنیادی مقصد لسانی اور ثقافتی تنوع اور کثیر اللسانی کا فروغ ہے۔ جس کا مقصد مادری زبانوں کا تحفظ اور فروغ ہے۔ لسانی تنوع ہمیشہ سے ہماری تہذیب کے بنیادی ستونوں میں سے ایک رہا ہے۔
دنیاکے تقریباً 200 ممالک میں مختلف زبانیں بولنے والے اور مختلف قومی ثقافتوں سے وابستہ لوگ ہر سال 21 فروری کو مادری زبانوں کے عالمی دن کے طور پر مناتے ہیں مادری زبانوں کے عالمی دن کے موقع پر ملک بھر میں مختلف سرکاری، غیر سرکاری اور ادبی اداروں، تنظیموں کے زیر انتظام مختلف پروگرامز اور تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے تاکہ عام آدمی کو اس کی کی اہمیت سے روشناس کرایا جا سکے۔











