سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے صحت کا اجلاس، اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری پروٹیکشن آف بریسٹ فیڈنگ اینڈ چائلڈ نیوٹریشن بل 2023  منظور

16

اسلام آباد،19فروری(اے پی پی):سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن کا اجلاس سینیٹر ڈاکٹر محمد ہمایوں مہمند کی زیر صدارت پارلیمنٹ لاجز میں منعقد ہوا۔ سینیٹ کمیٹی نے اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری پروٹیکشن آف بریسٹ فیڈنگ اینڈ چائلڈ نیوٹریشن بل 2023 ترمیم کے ساتھ متفقہ طور پر منظور کرلیا۔

بل پیش کرنے والے سینیٹر پروفیسر مہر تاج روغانی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ماں کا دودھ بچے کی غذائی ضروریات میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ  ماؤں کو فارمولا استعمال کرنے سے روکا جائے کیونکہ اس میں نقصان دہ مواد موجود ہوتا ہے۔

کمیٹی نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (ترمیمی) بل 2024 اور پاکستان نرسنگ کونسل (ترمیمی) بل 2024  متفقہ طور پر منظور کرلیا۔ سینیٹر شہادت اعوان نے کہا کہ ان بلوں کا بنیادی مقصد پی ایم ڈی سی اور نرسنگ کونسل پر پارلیمنٹ کی نگرانی کو یقینی بنانا ہے اور ان کے لئے اپنی رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کرنا لازمی قرار دینا ہے۔

 سینیٹ کے ادارے نے ملک میں زچگی اور نوزائیدہ بچوں کی شرح اموات کی خطرناک تعداد پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ سینیٹر مہر تاج روغانی نے بتایا کہ ملک کی خواتین اس بڑھتی ہوئی شرح اموات سے نبرد آزما ہیں لیکن  اس آفت سے نمٹنے کے لئے فیصلہ کن حکمت عملی وضع نہیں کی جا سکی۔ وفاقی حکومت، صوبائی حکام کے تعاون سے، خاندانی منصوبہ بندی کی خدمات کو بہتر بنانے کے لئے جامع حکمت عملی تیار کرنے اور نافذ کرنے کے لئے کام کر رہی ہے۔ کمیٹی نے وزارت کو سفارش کی کہ وہ ہر صوبے کے تقابلی اعداد و شمار فراہم کرے تاکہ کمیٹی ہر صوبے کی پیشرفت کا جائزہ لے سکے۔

اجلاس میں سینیٹر مہر تاج روغانی، سینیٹر سردار محمد شفیق ترین، سینیٹر بہرام خان تنگی، سینیٹر ثنا جمالی، سینیٹر روبینہ خالد، سینیٹر شہادت اعوان ،وزارت صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کے دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔