قصور،4فروری(اے پی پی): الیکشن 2024ء کے پُر امن انعقاد کے سلسلہ میں ڈی پی او قصور طارق عزیز سندھو کی ہدایات پر قصورپولیس نے ضلع بھر میں فلیگ مارچ کیا۔ فلیگ مارچ شہر قصور، کوٹرادھاکشن، الہ آباد، چونیاں، پتوکی اور پھولنگر کے علاقوں میں کیا گیا، فلیگ مارچ کی قیادت ایس پی انویسٹی گیشن شاہد احمد خان نے کی، فلیگ مارچ میں سٹی سرکل کے ایس ایچ اوز، تھانہ صدر قصور، شیخم، مصطفیٰ آباد، ٹریفک پولیس، ایلیٹ فورس اور پولیس لائن کی نفری نے حصہ لیا۔ فلیگ مارچ کچہری چوک قصور سے شروع ہو کر شہر سے ہوتا ہوا مصطفیٰ آباد میں اختتام پذیر ہوا۔
اس موقع پرڈی پی او قصورطارق عزیزسندھونے کہا کہ فلیگ مارچ کا مقصد شہریوں میں احساس تحفظ اجاگر کرنے کیساتھ ساتھ حکومتی رٹ کو برقرار رکھنا ہے،قصور پولیس الیکشن 2024 کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کے پر امن انعقاد کیلئے قصور پولیس پوری طرح مستعد ہے۔