عام انتخابات 2024 کیلئے پولنگ کا عمل شروع، 12 کروڑ 85 لاکھ سے زائد ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کررہے ہیں

112

اسلام آباد،08 فروری (اے پی پی):اسلام آباد سمیت ملک بھر میں عام  انتخابات  2024 کیلئے  قومی اسمبلی  اور  صوبائی اسمبلیوں  کی نشستوں  پر  امیدواروں  کے انتخاب کیلئے پولنگ کا عمل شروع ہو  گیا ہے ، پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی  وقفے کے شام 5بجے تک جاری رہے  گی ،  پولنگ  کے آغاز  سے  ہی  ملک بھر میں  پولنگ سٹیشنز پر ووٹرز کی  گہما گہمی نظر آ رہی ہے۔

الیکشن کمیشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں  عام انتخابات 2024 کیلئے ووٹرز کی مجموعی تعداد 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار  760 ہے جن میں 6 کروڑ  92 لاکھ 63 ہزار 704 مرد ووٹرز  جبکہ 5 کروڑ 93 لاکھ 22 ہزار 56 خواتین ووٹرزہیں۔ ملک میں مرد ووٹرز کی شرح 53.87 فیصد جبکہ خواتین ووٹرز کی شرح 46.13 فیصد ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ووٹرز کی تعداد 10 لاکھ 83 ہزار  29 ہے۔ پنجاب میں ووٹرز کی تعداد 7 کروڑ 32 لاکھ 7 ہزار 896 ہے۔ سندھ میں ووٹرز کی تعداد 2 کروڑ 69 لاکھ 94 ہزار 769 ہے۔اسی طرح  خیبر پختوانخوا میں ووٹرز کی مجموعی تعداد 2 کروڑ 19 لاکھ 28 ہزار 119 ہے  جبکہ بلوچستان میں ووٹرز کی تعداد 53 لاکھ 71 ہزار 947 ہے۔

انتخابات  2024 کیلئے  ملک  بھر میں  90675 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں ، جن میں  سے مردوں کیلئے 25320، خواتین کیلئے 23952 جبکہ 41403 مشترکہ  ہیں۔ ان پولنگ سٹیشنز   میں  کل 276398 پولنگ بوتھ قائم کئے  گئے ہیں۔

الیکشن کیلئے ایک لاکھ 37 ہزار سے زائد سیکورٹی اہلکار عوام کی حفاظت کیلئے تعینات کیے گئے ہیں،انتخابات میں تین لیول پر سیکورٹی لگائی  گئی ہے، پاک فوج کے دستے کیو آر ایف کے طور پر تعینات  ہیں۔انتخابات کی سیکورٹی کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے، ہر پولنگ اسٹیشن پر 7 سے 8 سیکورٹی اہلکار تعینات  ہیں، حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی  کی جا رہی ہے ۔