اسلام آباد، 12فروری (اے پی پی): پاکستان میں دیوسائی کو پیدل عبور کرنے والی دو پولش سیاحوں مونیکا ویکوسکا اور جوانا موسٹوسکا نے پاکستان کو غیر ملکی سیاحوں کے لیے محفوظ ملک قرار دیا اور کہا کہ یہاں پر سیاحت کے بہترین مواقع موجود ہیں۔
دونوں سیاحوں نے حال ہی میں دیوسائی کے میدانوں کا موسم سرما کا سفر کیا اور برف پوش چوٹیوں میں وقت گزارا۔ انتہائی سخت موسم کا سامنا کرتے ہوئے کسی بیرونی مدد کے بغیر گہری برف میں پیدل دیوسائی کو عبور کیا۔
پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن نےدونوں پولش سیاحوں کے اعزاز میں استقبالیہ کا اہتمام کیا اور ان کو پاکستان کی سیاحت کے مختلف پہلوؤں سے متعارف کرایا۔اس موقع پر سیاحوں نے بتایا کہ یہ ایک انتہائی چیلنجنگ مہم تھی جس کو انہوں نے کامیابی سے مکمل کیااور کہا کہ پاکستانی لوگ بہت مہمان نواز ہیں اور سیاحوں کے ساتھ دوستانہ رویہ رکھتے ہیں۔