فلسطین اور کشمیر میں جو ظلم اور بربریت کی جا ری ہے اس پر دنیا کو اکٹھا ہونے کی ضرورت ہے؛مشعال حسین ملک

52

 

 اسلام آباد، 06 فروری (اے پی پی): وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق و ترقی نسواں مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ فلسطین اور کشمیر میں جو ظلم اور بربریت کی جا ری ہے اس پر دنیا کو اکٹھا ہونے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ  یوم یکجہتی کشمیر ،جموں و کشمیر کے عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا ثبوت ہے۔ پاکستان جموں و کشمیر کے عوام کی منصفانہ جدوجہد کے لیے اپنی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔

مشعال حسین ملک نے کہا کہ بھارت ہر سال کشمیر میں نئے خوفناک قوانین لاگو کر رہا ہے، کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں ہر قسم کی معلومات کو دنیا میں جانے سے روکا جا رہا ہے، بھارت میں تمام اقلیتوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، کشمیریوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے اور ہندوتوا کو پھیلایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت جموں و کشمیر کے لوگوں کی تحریک آزادی کو دبانے کی ناکام کوشش میں نسل کشی، ماورائے عدالت قتل، حراست میں تشدد، کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال، بچوں اور خواتین کے خلاف تشدد، جبری گمشدگیوں، پیلٹ گنز، اجتماعی سزا، کالے قوانین، فالس فلیگ آپریشنز جیسے غیر قانونی، غیر انسانی اور غیر اخلاقی ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔ کشمیر کی مسجدوں اور اولیاء کے درباروں کو بند کر کے ہندوتوا کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

 وزیر اعظم کی معاون خصوصی نے آبادیاتی منظر نامے کو تبدیل کرنے اور مسلم اکثریت کو خطے میں اقلیت میں تبدیل کرنے کے لیے بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں وکشمیر میں غیر قانونی ہندو بستیوں کے قیام کے مودی کے اقدام پر تشویش کا اظہار کیا۔ آر ایس ایس کے دہشت گرد نیٹ ورک کی عالمی رسائی، عالمی امن کے لیے خطرہ ہے۔

 مشعال ملک نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کو یقینی بنانے کے لیے کوششیں کریں۔

مشعال ملک نے کشمیر کے مسئلے کے بارے میں آگاہی اور بیداری پیدا کرنے کے لیے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے سیمینار منعقد کرنے پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی کاوشوں کو سراہا۔