اسلام آباد، یکم فروری (اے پی پی ): کوآرڈینیٹرجنرل کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کامسٹیک کے لیے قازقستان کے کردار کو سراہا اور کہا کہ قازقستان میں عالمی معیار کے تعلیمی ادارے ہیں۔
کامسٹیک سیکرٹریٹ میں قازقستان ایلومنائی فورم کے چوتھے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد اقبال چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں قازقستان کے سفیر یرزہان کستافن اپنے شعبے کے بہترین افراد میں سے ایک ہیں اور قازقستان ایلمنائی فورم کی تشکیل انہی کی کاوش کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ قازقستان کی قیادت عالمی معاملات میں بہت اہم کردار ادا کر رہی ہے اس کے علاوہ انہوں نے قازق صدر کے بائیو سکیورٹی اور بائیو سیفٹی آئیڈیا کو بھی سراہا۔
میٹنگ کے دوران بہت سے شرکاءنے اپنے خیالات اور تجاویز کا اظہار کیا اور طلبہ کو قازق اور روسی زبانیں سکھانے کے لیے پاکستان میں زبان کا ایک اچھا ادارہ قائم کرنے کی تجویز دی۔ انہوں نے پاکستانی طلبہ کو قازقستان کی جانب سے پیش کیے جانے والے تعلیمی مواقع، پاکستانی اور قازقستان کے متعلقہ ریگولیٹری اور تعلیمی اداروں کے درمیان رابطے، آن لائن داخلہ اور دونوں ممالک کے درمیان ہائی ٹیک وفود کے تبادلے کی تجاویز بھی دیں اور قازقستان کے بہترین تعلیمی نظام کو سراہا۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے قازقستان کے سفیر یرزہان کستافن نے کامسٹیک میں چوتھی میٹنگ کے انعقاد پر پروفیسر چوہدری کا شکریہ ادا کیا اور لاہور میں قازق ہاوس کے قیام، لاہور سے قازقستان کے لیے براہ راست پروازوں کے آغاز اور پاکستان اور قازقستان کے درمیان تعلقات کو مستحکم کرنے کے لیے حال ہی میں منعقد کی جانے والی تقریبات جیسے اہم حالیہ اقدامات کے بارے میں بات کی جس سے پاکستانی اور قازق تعلیمی اداروں کے درمیان براہ راست رابطہ ممکن ہوا ہے۔ انہوں نے سابق طلبہ کے تبصروں اور تجاویز کا شکریہ ادا کیا۔
میٹنگ کے دوران پروفیسر ڈاکٹر شعیب احمد خان اور پروفیسر ڈاکٹر عطیہ الوہاب نے بالترتیب صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں مصنوعی ذہانت کا اطلاق اور چھاتی کے کینسر کے علاج کے لیے تحقیق پر پریذنٹیشنز دیں جنہیں شرکاءنے خوب سراہا۔











