اسلام آباد،06 فروری (اے پی پی): نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ قیاس آرائیوں کے باوجود 8 فروری 2024ءکو انتخابات ہو رہے ہیں۔
منگل کو یہاں نگران وفاقی وزیر داخلہ گوہر اعجاز کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب میں نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ آئین کے دیباچے میں لکھا ہے کہ یہ ملک اس کے منتخب نمائندے چلائیں گے اورانتخابات پرامن طور پر منعقد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کے حوصلے پست نہیں ہوئے، اکا دُکا واقعات کی وجہ سے پاکستانی عوام اپنے گھروں میں نہیں بیٹھیں گے اور 8 فروری کو عوام اپنا حق رائے دہی لازمی استعمال کریں گے۔
وزیر اطلاعات نے کہاکہ ملکی اور غیر ملکی صحافیوں کی سہولت کے لئے کل انکی وزارت نے آن لائن ہیلپ لائن کا آغاز کر دیا ہے۔
نگران وفاقی وزیر داخلہ گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ الیکشن کیلئے ایک لاکھ 37 ہزار سے زائد سیکورٹی اہلکار عوام کی حفاظت کیلئے تعینات کیے گئے ہیں، ہمارا فرض ہے کہ ووٹرز کیلئے پر امن ماحول فراہم کیا جائے، ہمیں یقین ہے کہ انتخابات پر امن ہونگے۔
گوہر اعجاز نے کہا کہ انتخابات میں تین لیول پر سیکورٹی لگائی جا رہی ہے، پاک فوج کے دستے کیو آر ایف کے طور پر تعینات ہونگے، انتخابات کی سیکورٹی کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے، ہر پولنگ اسٹیشن پر 7 سے 8 سیکورٹی اہلکار تعینات ہونگے، حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی ہو گی۔
وزیر داخلہ نے مزید بتایا کہ 90 ہزار 777 پولنگ اسٹیشنز میں سے 44026 نارمل ہیں، 29985 حساس پولنگ اسٹیشنز ہیں، جبکہ 16766 انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز ہیں۔











