ملتان،19 فروری (اے پی پی ): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ عصر حاضر میں ترقی اور کامیابی کے لئے ضروری ہے کہ جدید علوم اور فنون میں مہارت حاصل کی جائے یہ بات انہوں نے ملتان کے نجی تعلیمی ادارے کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ طلباءکو انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ جدید دور میں ترقی اور کامیابی کے لیے جدوجہد اور محنت کے تسلسل کے ساتھ جدید علوم و فنون کا علم حاصل کرنا ضروری ہے۔
گورنر پنجاب نے طالبعلموں سے کہا کہ سوشل میڈیا پر غلط اور گمراہ کن معلومات پر ردعمل ظاہر کرنے کے بجائے تحقیق پر مبنی نقطہ نظر کو یقینی بنائیں اور بدعنوانی، کرپشن کے خلاف رد عمل اور بیانیہ بین الاقوامی اداروں کے حقیقی اعداد و شمار اور حقائق پر مبنی ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ تباہی اور پرتشدد مظاہرے ملک اور قوم کے لیے انتہائی نقصان دہ ہیں۔ گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا کہ کرپشن کے خلاف محض باتیں کرنے والوں اور عملی اقدامات کرنے والوں کا تعین کرنا ناگزیر ہے۔
گورنر نے کہا کہ نجی شعبے کے تعاون سے ہی تعلیمی میدان میں کامیابی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایمانداری اور اعلیٰ اخلاقی اقدار عملی زندگی میں کامیابی کی کنجی ہیں۔ اس موقع پر سرکاری و نجی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کے علاوہ والدین اور فارغ التحصیل طلباءو طالبات نے شرکت کی۔ قبل ازیں گورنر نے طلبہ میں میڈلز اور ڈگریاں تقسیم کیں۔