ملکی و معاشرتی ترقی کیلئے بچیوں کی تعلیم پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے؛ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

1

اسلام آباد،15فروری (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملکی و معاشرتی ترقی کیلئے بچیوں کی تعلیم پر بھی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں 2 کروڑ 60 لاکھ سے زائد بچے سکولوں سے باہر ہیں، پاکستان کے تمام بچوں کو تعلیم کی فراہمی کیلئے نجی اور سرکاری شعبے میں تعاون نا گزیر ہے ۔

 وہ جمعرات کو محمد شفیق خان کی قیادت میں ریڈ فائونڈیشن کے وفد سے ملاقات کے دوران اظہار خیال کر رہے تھے۔وفد نے صدر مملکت کو تعلیمی و فلاحی شعبے میں ریڈ فائونڈیشن کی خدمات کے بارے میں بتایا کہ ریڈ فائونڈیشن ملک بھر میں 400 سے زائد سکول اور کالجز چلا رہی ہے ،فائونڈیشن معاشرے میں معیاری ، قابل قدر اور بامقصد تعلیم کے فروغ کیلئے کام کر رہی ہے،فائونڈیشن کا مقصد معیاری ، کم قیمت اور مفت تعلیم تک رسائی بڑھاناہے ،ریڈ فائونڈیشن یتیم بچوں کی تعلیم  و تربیت کیلئے بھی اقدامات کر رہی ہے ۔

 صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ملکی انسانی وسائل کی ترقی میں تعلیمی اداروں کا کلیدی کردار ہے ،یتیم بچوں کی تعلیم  اور خودمختاری جامع معاشرے کی تشکیل کیلئے ضروری ہے۔صدر مملکت نے تعلیمی اور فلاحی شعبے میں ریڈ فائونڈیشن کی خدمات کو سراہا۔