اسلام آباد، 08 فروری (اے پی پی ): ملک بھر میں عام انتخابات 2024 کیلئے پولنگ کا عمل پر امن انداز میں جاری ہے ،12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 ووٹرز امیدواروں کے انتخاب کیلئے اپنا ووٹ پول کر رہے ہیں ۔ اپنے پسندیدہ امیدواروں کو ووٹ دینے کے لیے مرد و خواتین ووٹرز کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔
پولنگ صبح آٹھ بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی عملہ کو ایک روز قبل ہی تمام انتخابی میٹریل کے ہمراہ پولنگ سٹیشنوں پر پہنچا دیا گیا تھا لہٰذا پولنگ سٹاف کو بروقت پولنگ کے آغاز کے لئے کسی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کراچی میں جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے اسلام آباد میں اپنا ووٹ پول کیا ۔ دیگر قومی، صوبائی سیاسی و مذہبی قائدین نے اپنے اپنے حلقوں میں ووٹ پول کئے ۔
انتخابی عمل کا جائزہ لینے کیلئے عالمی مبصرین نے مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا،مبصرین نے پولنگ اسٹیشنز میں انتخابی عمل کا مشاہدہ کیا جبکہ ایکریڈیشن کارڈ کے حامل میڈیا نمائندے بھی مختلف پولنگ اسٹیشنز کے دورے کر رہے ہیں ۔
ملک بھر میں آزادنہ ،منصفانہ و شفاف انتخابات کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ الیکشن کیلئے ایک لاکھ 37 ہزار سے زائد سیکورٹی اہلکار عوام کی حفاظت کیلئے تعینات ہیں،انتخابات میں تین لیول پر سیکورٹی لگائی گئی ہے، پاک فوج کے دستے کیو آر ایف کے طور پر تعینات ہیں۔