ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے فوری فیصلے کرنے کی ضرورت ہے ،  صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

10

لاہور۔22فروری  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے فوری  فیصلے  کرنے کی ضرورت ہے ، سست فیصلہ سازی قومی ترقی کے عمل میں رکاوٹ ہے، محتسبین نے سرکاری اداروں کی بدانتظامی کے خلاف متاثرہ شکایت کنندگان کو فوری اورمعیاری انصاف فراہم کرنے میں قابل تحسین کردار ادا کیا ہے۔

 وہ جمعرات کے روز گورنر ہائوس لاہور میں وفاقی انشورنس محتسب کے زیر اہتمام انشورنس محتسب کے افسران، کمپنیوں کے سی ای اوز اور ایم ڈیز کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ پاکستان میں ترقی کی بے پناہ صلاحیت ہے، درست سمت کیلئے ایمانداری اور فوری فیصلوں کی ضرورت ہے۔صدر مملکت  نے انشورنس محتسب کی جانب سے متاثرہ پالیسی ہولڈرز کو 5ارب روپے سے زیادہ کا مالی ریلیف فراہم کرنے کی کارکردگی پر مبارکباد بھی دی ۔انہوں نے کہا کہ میرٹ پر پختہ یقین ہے اور بطور صدر اپنے دور میں کبھی کسی کی سفارش نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سمت بدلے گی، اللہ نے اسے بے پناہ صلاحیتوں اور باصلاحیت نوجوانوں سے نوازا ہے۔ صدر مملکت نے وفاقی انشورنس محتسب ڈاکٹر محمد خاور جمیل کی پالیسی ہولڈرز کو انشورنس کمپنیوں کی بدانتظامی کے خلاف انصاف کی فراہمی میں کاوشوں کو سراہا۔ڈاکٹر محمد خاور جمیل نے کہا کہ صدر مملکت کی رہنمائی میں ایف آئی او اپنی کارکردگی میں نمایاں بہتری لایا ہے اور گزشتہ سال 6000شکایات پر کارروائی کی گئی ۔صدر مملکت نے انشورنس کمپنیوں کے نمائندوں اور انشورنس محتسب کے افسران میں بہترین کارکردگی پر اعترافی شیلڈز بھی تقسیم کیں۔ بعد ازاں صدر مملکت سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے ملاقات کی۔

ملاقات میں ملک کی معاشی صورتحال اور ذہنی صلاحیت ، چھاتی کے کینسر اور خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔صدر مملکت نے کہا کہ تاجر برادری خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے اقدامات کرے تاکہ وہ معاشی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے سکیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کو غذائیت کی کمی اور 26.2ملین اسکولوں سے باہر بچوں کی تعلیم جیسے چیلنجز کا سامنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تمام چیلنجز کو مکمل دیانتداری اور تندہی کے ساتھ ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ خاندانوں میں ذہنی صحت کے مسائل سے بروقت نمٹنے کے لیے مجموعی ذہنی صحت اور تندرستی کو برقرار رکھنے کی غرض سے ایک ٹول کٹ ہر گھر میں دستیاب ہونی چاہیے۔وفد کے ارکان نے خواتین کو بااختیار بنانے اور چھاتی کے کینسر اور دیگر سماجی اور صحت کے مسائل کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لیے صدر مملکت اور خاتون اول کی کوششوں کو سراہا۔