اسلام آباد، یکم فروری (اے پی پی ): منیجنگ ڈائریکٹر ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان محمد عاصم کھچی نے اے پی پی ویڈیو نیوز سروس تھری ڈی ورچوئل سٹوڈیو اور یوتھ میڈیا ٹریننگ پروگرام کا افتتاح کردیا ہے جس کا مقصد اے پی پی کو دور جدید کی تقاضوں کے مطابق ترقی دینا اور نوجوانوں کو صحافت کے شعبے کی عملی تربیت کے فراہم کرنا ہے۔
اے پی پی سٹوڈیو میں یوتھ میڈیا ٹریننگ پروگرام کے حوالے سے منعقد ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےمحمد عاصم کھچی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ابھی تک میڈیا کے شعبے کی عملی تربیت کا کوئی باقاعدہ ادارہ موجود نہیں ہے ، ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کی جانب سے یونیورسٹی کے طلبہ کیلئے عملی تربیت کے پروگرام کا آغاز ان نوجوانوں کو صحافت کے شعبے کی عملی تربیت فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
محمد عاصم کھچی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کمی نہیں ہے۔ اے پی پی یوتھ میڈیا ٹریننگ پروگرام کے ذریعے ہمارا کا مقصد ان نوجوانوں کو صحافت کے متعلقہ شعبوں میں عملی مہارت فراہم کر کے انہیں ایک کامیاب انٹرپنیور کے طور پر سامنے لانا ہے تاکہ وہ مستقبل میں ملک کی ترقی اور فلاح کے لیے اپنا موثر کردار ادا کر سکیں۔
ٹریننگ پروگرام میں شامل نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے محمد عاصم کھچی کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم مہیاکر دیا گیا ہے اب یہ آپ کا کام ہے کہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اپنے شعبے میں تمام متعلقہ کاموں میں مہارت حاصل کریں۔
اس موقع پر انچارچ یوتھ میڈیا ٹریننگ پروگرام اور ایڈیشنل ڈائریکٹر وی این ایس یاور عباس نے پروگرام کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ آئندہ تین ماہ میں پڑھے لکھے نوجوانوں کو بہتر انداز سے ٹریننگ کروا کر انہیں جدید دور کے تقاضوں کے مطابق الیکٹرانک ، سوشل اور ڈیجیٹل میڈیا کی عملی تربیت فراہم کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ اس تین ماہ کی تربیت کے بعد یہ نوجوان اس قابل ہوں گے کہ وہ انفرادی طور پر اپنا کام شروع کر کے خود کفیل ہو سکیں اور اپنے خاندان کی معاشی حوالے سے مددکرسکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایم ڈی اے پی پی محمد عاصم کھچی کی ہدایات کی روشنی میں اس ٹریننگ پروگرام کا آغاز ہمارے نوجوانوں کے لیے ایک اہم اقدام ہے جو انہیں مستقبل میں اپنے شعبے میں زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔
ایم ڈی اے پی پی نے اس موقع پر ڈائریکٹر ویڈیو نیوز سروس رب نواز باجوہ اور ایڈیشنل ڈائریکٹر یاور عباس کی کاوشوں کو سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان آئندہ بھی نوجوانوں کے لیے اس قسم کی ٹریننگ پروگرامز کا انعقاد کرتا رہے گا۔قبل ازیں اے پی پی سے متعلق ایک جامع ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی جس کے بعد افتتاحی کیک بھی کاٹا گیا۔