نوجوان کھلاڑی عمدہ پرفارم کررہے ہیں یہی ایچ بی ایل پی ایس ایل کی خوبصورتی ہے، تبریز شمسی

18

 

اسلام آباد،20 فروری (اے پی پی ):کراچی کنگز کے لیفٹ آرم رِسٹ اسپنر تبریز شمسی کا ایچ بی ایل پی ایس ایل کے حوالے سے کہنا ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں نے عمدہ پرفارم کیا یہی لیگ کی خوبصورتی ہے۔

لاہور کے ایل سی سی اے گراؤنڈ میں کراچی کنگز کی پریکٹس سیشن کے دوران تبریز شمسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل ایک معیاری لیگ ہے۔ پاکستان میں بالرز بہت اچھے ہیں پاکستان نے ہمیشہ اچھے فاسٹ باﺅلرز پیدا کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ نوجوان باصلاحیت کھلاڑیوں کے لیے اپنی مہارت سامنے لانے کا ایک اچھا پلیٹ فارم ہے۔ گزشتہ سیزن کی کارکردگی اب ماضی کا حصہ ہے۔تبریز شمسی نے کہا کہ آپ چیمپئین بھی ہوں تو پھر بھی آپ کو نیا سیزن صفر سے شروع کرنا پڑتا ہے۔ ہماری مینجمنٹ نئی ہے ماحول اچھا بنا ہوا ہے اور ٹریننگ اچھی جا رہی ہے۔ بیٹنگ ہمارا مسئلہ نہیں ہے ابھی صرف ایک میچ ہوا ہے۔

بابر اعظم کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وہ ایک بہترین کھلاڑی ہیں وہ ہر جگہ اچھا پرفارم کرتے ہیں۔ بابر اعظم اکیلے ٹیم میں بلے باز نہیں دیگر بلے باز بھی ہیں اس لیے ہم صرف ایک پر تمام تر توجہ مرکوز نہیں کررہے۔

انھوں نے کہا کہ میں پاکستان میں بہت لطف اندوز ہورہا ہوں۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل میں اچھی چیز یہ ہے کہ شائقین میدان میں دونوں ٹیموں کو سپورٹ کرتے ہے۔تبریز شمسی نے کہا کہ لاہور میں جنوبی افریقہ کی جانب سے ایک سیریز کھیل چکا ہوں لیکن یہ کرونا کی پابندیوں کے دن تھے اس بار اسٹینڈز میں زندہ دلان لاہور کی بطور شائقین موجودگی کو انجوائے کروں گا۔