کراچی، 08 فروری(اے پی پی): نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے این اے 237 اور پی ایس 104 کے لیے اپنا ووٹ گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول نمبر2، بلاک 6، PECHS میں کاسٹ کیا۔
وزیراعلی سندھ نے کہا کہ انہوں نے اپنا جمہوری حق ادا کردیا۔ سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے میڈیا سے بات چیت کے دوران نگران وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سکیورٹی کے تمام تر اقدامات موثر انداز میں کیے گئے ہیں اور پولنگ اسٹیشنز میں پولنگ کا عمل بہتر انداز سے جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ووٹ ڈالنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا اور عوام اپنی رائے کا بھرپور اظہارکریں گے، صوبے میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے نگران وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ انہوں نے انتخابی عملے کو پولنگ اسٹیشنوں تک پہنچانے سمیت تمام ترضروری سہولیات فراہم کی ہیں، میڈیا سے بات کرتے ہو ئے قائم مقام چیف منسٹر سندھ نے پولنگ عملے کے پولنگ اسٹیشنوں پر نہ پہنچنے کی بات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عملہ اپنی ذمہ داریاں بخوبی انجام دے رہا ہے ، موبائل سروس کی معطلی کے حوالے سے نگران وزیراعلیٰ سندھ نے واضح کیا کہ یہ وفاقی حکومت کا فیصلہ ہے، ہوسکتا ہے انہوں نے ایسا فیصلہ کسی معقول وجہ کی بناء پر کیا ہو۔
نگران وزیر اعلیٰ سندھ نے سوک سینٹر میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ کیا اور سی سی ٹی وی کوریج کے ذریعے پولنگ کے عمل کا جائزہ لیا۔ وزیر داخلہ بریگیڈیئر( ر) حارث نواز اور آئی جی پولیس رفعت مختار نے وزیراعلیٰ سندھ کو پولنگ کے عمل کے حوالے سے بریفنگ دی، بعد ازاں نگران وزیراعلی سندھ نے وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) حارث نواز اور آئی جی پولیس رفعت مختار کے ہمراہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے پولنگ کے عمل کا فضائی معائنہ بھی کیا۔











