لاہور، 22فروری(اے پی پی): ویلڈن پی آئی ٹی بی ٹیم ویلڈن، وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ارفع کریم سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا اور پی آئی ٹی بی کے چیئرمین فیصل یوسف اور ان کی پوری ٹیم کو اعلیٰ کارکردگی پر شاباش دی۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے گزشتہ 13ماہ میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے افسران میں تعریفی اسناد تقسیم کیں اور عوام کی سہولت کے لئے متعدد اقدامات پر پی آئی ٹی بی کی پوری ٹیم کی تعریف کی۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پی آئی ٹی بی کی پوری ٹیم کے لئے 3کروڑ روپے کے خصوصی انعام کااعلان کیا۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 13ماہ میں پی آئی ٹی بی نے اپنی استعداد سے بڑھ کر ڈلیور کیاہے اورکسی بھی ادارے کا کوئی بھی پراجیکٹ پی آئی ٹی بی کے بغیر ممکن نہیں تھا۔ پی آئی ٹی بی نے ٹائم لائن کے اندر بڑے بڑے پراجیکٹس مکمل کئے ہیں۔پی آئی ٹی بی میں رات گئے بھی کام جاری رہتا ہے اور صبح بھی، یہ ادارہ روایتی سرکاری اداروں سے یکسر مختلف ہے۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ چیئرمین پی آئی ٹی بی فیصل یوسف کو تمام پراجیکٹس کا کریڈٹ دیتا ہوں،فیصل یوسف او رانکی پوری ٹیم شاباش کی مستحق ہے۔عوام کو اعلانات یا بیانات سے غرض نہیں بلکہ عملی اقدامات پر ہی عوام مطمئن ہوتے ہیں۔ عوام چاہتے ہیں کہ حکومت ان کے لئے کام کرکے دکھائے اور عوام صرف سروس ڈلیوری چاہتے ہیں۔ ہماری حکومت نے ہسپتالوں میں پی آئی ٹی بی کے تعاون سے ہاسپٹل انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم متعارف کرایا۔ پی آئی ٹی بی نے ڈرائیونگ لائسنس کے لئے صرف 2ہفتے میں سافٹ ویئر بنایا۔ ڈرائیونگ لائسنس کے سافٹ وئیر کے لئے فیصل یوسف اور ان کی ٹیم نے دن رات محنت کی۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ امریکی قونصل جنرل کو پی آئی ٹی بی کے پراجیکٹس کے بارے میں آگاہ کیا تو انہوں نے پی آئی ٹی بی کی جدت پر خوشگوار حیرت کااظہار کیا۔ پی آئی ٹی بی ایک صوبائی یا قومی سطح کا ادارہ نہیں بلکہ ایک انٹرنیشنل لیول کا ادارہ ہے اورانشاء اللہ پی آئی ٹی بی بیرون ملک سے سیف سٹی کے پراجیکٹس حاصل کرے گا۔ پی آئی ٹی بی پرائیویٹ سیکٹر سے بہت بہتر خدمات فراہم کررہاہے۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ پی آئی ٹی بی نے دن رات محنت کی اور ڈلیور کیا، آپ کی محنت کا نتیجہ عوام دیکھ رہے ہیں۔ اگر پی آئی ٹی بی اسی اچھی نیت سے کام جاری رکھے تو کوئی اسے مزید ترقی سے روک نہیں سکتا۔ پی آئی ٹی بی کا ایچ آر بہترین ہے،میں پی آئی ٹی بی کا معترف ہوں۔ پی آئی ٹی بی کے لئے نیک خواہشات ہیں کہ انہیں انٹرنیشنل پراجیکٹس ملیں۔صوبائی وز یر اطلاعات عامر میر، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹری اطلاعات، ڈی جی پی آر اورپنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔