نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس،پاکستان سپر لیگ9 کیلئے انتظامات اور سکیورٹی پلان کا جائزہ لیا گیا

14

لاہور، 14 فروری ( اے پی پی): نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس،پاکستان سپر لیگ9 کیلئے انتظامات اور سکیورٹی پلان کا جائزہ لیا گیا ۔پی ایس ایل 9،  فول پروف سکیورٹی اور شائقین کرکٹ کے نئے شاندار انتظامات، وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ہدایات جاری کر دیں۔

انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ 16ہزار سے زائد پولیس نفری پی ایس ایل میچوں میں سیکورٹی کے فرائض سرانجام دے گی۔ لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں میچوں کے لیے سیکورٹی پلان تیار کر لیا ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے  لاہور سمیت راولپنڈی اور ملتان میں میچوں کے لیے وضع کردہ سکیورٹی پلان پر من و عن عمل درآمد کی ہدایت کی اور کہا کہ پی ایس ایل 9 کے میچوں کا آغاز 17فروری سے ہو رہا ہےتمام تر انتظامات کو خوب سے خوب تر ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ میچوں کے دوران ٹریفک کی روانی کوبرقرار رکھنے کے لئے موثر مینجمنٹ کی جائے،عوام کی سہولت کے پیش نظر ٹریفک کی بندش کا دورانیہ کم سے کم ہونا چاہیے۔شہریوں کو میڈیا کے ذریعے متبادل روٹس سے بروقت آگاہ کیاجائے۔متعلقہ ادارے اورمحکمے آپس میں قریبی رابطہ رکھتے ہوئے فرائض سرانجام دیں جتنا بڑا ایونٹ ہے اس لحاظ سے انتظامات ہونے چاہئیں۔شائقین کرکٹ کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کیا جائے گا۔

چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، انسپکٹرجنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، سی سی پی اوکمشنر لاہور، چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی،ڈپٹی کمشنر لاہور، ڈی آئی جی آپریشن،سی ٹی او لاہوراور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت ملتان اور راولپنڈی کے کمشنرز، آرپی اوز، سی پی اوز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔