پشاور، 13 فروری (اے پی پی):نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس(ر)سید ارشد حسین شاہ نے وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سبزہ زار میں پودا لگا کر موسم بہار کی شجرکاری مہم کا افتتاح کردیا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ سید ارشد حسین نے کہا کہ کرہ ارض پر انسانی زندگی کی بقا کےلئے جنگلات کی ضرورت اور اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا ۔ ماحولیاتی آلودگی سے پیدا ہونے والے مسائل سے نمٹنے کےلئے جنگلات کی اہمیت پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہے، جنگلات کی کمی کی وجہ سے خشک سالی، سیلاب اور دیگر آفات میں بھی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔
انہوں نےکہا کہ موسمی تبدیلیوں سے جنم لینے والے مسائل کسی چیلنج سے کم نہیں، ان چیلنجزسے نمٹنےکےلئے ایک جامع حکمت عملی کے تحت ٹھوس اقدامات اُٹھانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے سے موجود جنگلات کا تحفظ یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ وسیع پیمانے پر شجرکاری کی بھی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ شجرکاری مہم بڑی اہمیت کی حامل ہے، شجرکاری کے حوالے سے کوئی بھی حکومتی کوشش اس وقت تک کامیاب نہیں ہوسکتی جب تک عوام اس میں بھر پور شرکت نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام معاشرے کے تمام طبقے اس شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے میں کردار ادا کریں ،شجر کاری ایک قومی فریضہ ہے، شہری اس شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔شجرکاری مہم کے تحت صوبہ بھر میں ایک کروڑ 20 لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے، صوبے کے مختلف اضلاع میں شجر کاری کے لیے 212 پروگرامز منعقد کئے جائیں گے،سنٹرل ساؤتھ ریجن پشاور میں تقریباً 50 لاکھ پودے لگائے جائیں گے،نادرن فارسٹ ریجن ایبٹ آباد میں 38 لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے،ملاکنڈ فارسٹ ریجن سوات میں 37 لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے۔