لاہور، 11 فروری(اے پی پی): نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے برڈ ورڈ روڈ پر محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر کا دورہِ کیا اور محکمہ صحت کے ایف ایم ریڈیو“صحت زندگی” کا افتتاح کیا۔وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ایف ایم ریڈیو “صحت زندگی” کے سٹوڈیوز اورمختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور ایف ایم ریڈیو “صحت زندگی” کے لئے پیغام بھی ریکارڈ کرایا۔
وزیراعلی پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایف ایم ریڈیو “صحت زندگی” کا اجراء قابل تحسین ہے۔ ایف ایم ریڈیو “صحت زندگی” کے ذریعے عوام کوامراض سے بچاؤ اور علاج کے لئے آگاہی دی جا سکے گی۔ انھوں نے کہا کہ میڈیکل کے مختلف شعبوں کے ماہرین کو ایف ایم ریڈیو “صحت زندگی” پر مدعو کیا جائے اورعوام کو صحت کے حوالے سے آگاہی دی جائے۔
محسن نقوی نے کہا کہ ایف ایم “صحت زندگی” شعبہ صحت میں مفید پراجیکٹ ثابت ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ ریڈیو انڈسٹری نیچے ضرور آئی ہے لیکن ایف ایم ریڈیو آج بھی سنا جاتا ہے۔ایف ایم ریڈیو “صحت زندگی” کی نشریات لاہور میں تقریباً50کلو میٹر کے دائرہ کار میں سنی جا سکیں گی ۔
وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ ایف ایم “صحت زندگی” کو لانچ کرنے پر صوبائی وزیر اور سیکرٹری پرائمری وسکینڈری ہیلتھ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ایف ایم “صحت زندگی” کے پلیٹ فارم سے محکمہ صحت اپنی تمام آگاہی مہم کو موثر بنا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیکرٹری صحت نے کم وسائل کے ساتھ بہترین پراجیکٹ لانچ کیا ہے۔ایف ایم “صحت زندگی” کو صرف صحت سے متعلق پروگرامز پرہی فوکس کرنا ہے۔
وزیراعلی نے کہا کہ مختصر عرصے میں متعدد ہسپتالوں کو اپ گریڈ کیا ہے۔ بعض ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن تکمیل کے آخری مراحل میں ہے،جو ہسپتال اپ گریڈ نہیں ہوئے وہ اگلے فیز میں کئے جائیں گے۔ہسپتالوں میں عدم دستیاب سہولتیں مہیا کی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ مل کر نئے آپریشن تھیٹرز،ایم آر آئی مشین اور دیگر سہولتوں کا بندوبست کریں گے۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ایچ آر آئی ایم ایس، او آر آئی ایم اور ایچ آئی ڈی یو کا بھی افتتاح کیا۔وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ویڈیو لنک کے لئے خصوصی طورپر تیار کر دہ وین اور کوسٹر پراجیکٹ کا بھی افتتاح کیا۔
صوبائی وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ ڈاکٹر جمال ناصر،چیف سیکرٹری،سیکرٹری تعمیرات ومواصلات،سیکرٹری صحت اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجو دتھے۔