اسلام آباد ،13فروری (اے پی پی): نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے ریڈیو کے عالمی دن کے موقع پر ریڈیو پاکستان میں انگریزی زبان میں منگل کو خبرنامہ کی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے ریڈیو پاکستان پر خبرنامہ پڑھ کر ایک اہم پیغام دیا کہ حکومت ریڈیو کو ایک اہم ذریعہ ابلاغ کے طور پر دیکھتی ہے۔ان کا یہ اقدام اس امر کی بھی نشاندہی کرتا ہے کہ حکومت ریڈیو نشریات کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے۔
ریڈیو پاکستان ملک کا سب سے پرانا اور سب سے بڑا نشریاتی ادارہ ہے جس کے مختلف زبانیں بولنے والے سامعین کی ایک بہت بڑی تعداد ہے ۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا یہ اقدام ریڈیو پاکستان کو ایک قومی نشریاتی ادارے کے طور پر مضبوط اور پاکستان میں ڈیجیٹل ریڈیو نشر و اشاعت کو فروغ دینے میں مدد دے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے ریڈیو پاکستان کے پوڈ کاسٹ پروگرام میں بھی شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نےکہا کہ حکومت ریڈیو پاکستان کو مضبوط بنانے اور اسے رابطے کا ایک زیادہ موثر اور متحرک ذریعہ بنانے کے لئے پرعزم ہے اور کہا کہ حکومت پاکستان میں ڈیجیٹل ریڈیو کی نشریات کو فروغ دینے کے لئے بھی کام کر رہی ہے۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ریڈیو پاکستان قومی نشریاتی ادارہ ہے جس کی طویل اور بھرپور تاریخ ہے ۔ریڈیو پاکستان نے ہمیشہ قومی یکجہتی اور ہم آہنگی کو فروغ دینے میں قائدانہ کردارادا کیا۔
واضح رہے کہ ریڈیو کا عالمی دن ہر سال 13 فروری کو منایا جاتا ہے۔