وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کا محکمہ تعلقات عامہ کا دورہ، ڈیجیٹل و سوشل میڈیا ٹاور کا سنگ بنیاد رکھ دیا

36

 

لاہور، 4فروری(اے پی پی): وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے محکمہ تعلقات عامہ کا دورہ کیا، ڈیجیٹل و سوشل میڈیا ٹاور کا سنگ بنیاد رکھا اور ڈی جی پی آر کے مختلف سیکشنز کا معائنہ بھی کیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ڈی جی پی آر کے افسران سے ملاقات کی اور حکومتی اقدامات کو موثر انداز میں اجاگر کرنے کے لئے متحرک انداز میں فرائض سرانجام دینے کی ہدایت کی۔وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ڈیجیٹل و سوشل میڈیا ٹاور کی عمارت کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا ٹاور کی عمارت کو کم سے کم وقت میں مکمل ذ جائے۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ڈی جی پی آر بلڈنگ پر“ڈی جی پی آر ڈیجیٹل میڈیا” ونگ کا بورڈ لگانے کی ہدایت دی اور کہا کہ ڈی جی پی آر حکومت پنجاب کے فلاحی و عوامی اقدامات کی بہترین تشہیر کے ساتھ فیک نیوز اور ڈس انفارمیشن کا بھی مؤثر مقابلہ کررہا ہے۔ انہوں  نے کہا کہ خوشی ہے کہ ڈی جی پی آر موجودہ وقت کے تقاضوں کے مطابق ڈیجیٹل دور میں داخل ہونے جار ہا ہے۔

وزیراعلی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ میڈیا ٹاور میں سوشل میڈیا ماہرین کے لیے جدید سہولیات دستیاب ہوں گی۔ میڈیا ٹاور ڈی جی پی آر کے ڈیجیٹل میڈیا ونگ کے طور پر کام کرے گا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ 15 کروڑ روپے کی لاگت سے میڈیا ٹاور 3ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا۔

سیکرٹری  تعمیرات ومواصلات نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو میڈیا ٹاور کی تکمیل کے بارے میں بریفنگ دی۔

 صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر،سیکرٹری اطلاعات دانیال گیلانی،سیکرٹری تعمیرات و مواصلات سہیل اشرف،کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا،ڈی جی پی آر روبینہ افضل، ڈائریکٹر پریس انفارمیشن، ڈائریکٹر نیوز اورمتعلقہ حکام اس موقع پر موجود تھے۔