وزیر تجارت ڈاکٹر گوہراعجاز کی سعودی ہم منصب سے ملاقات،مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے پراتفاق

0

ریاض(سعودی عرب)،22فروری(اے پی پی):وزیر تجارت و صنعت ڈاکٹر گوہراعجاز کا دورہ سعودی عرب، پاکستانی صنعتکاروں کے وفد کی سربراہی کرتے ہوئے سعودی وزیر تجارت ماجد بن عبداللہ الکسابی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان تعمیرات،ڈیجیٹل ایکانومی، انفرااسٹرکچر کےشعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے پراتفاق کیا گیا۔

اس موقع پر وزیر تجارت گوہر اعجاز نے کہا کہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی کے معروف نام سعودی عرب کا دورہ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ تجارت کو بڑھانے کیلئے بھر پور کوشش کی جارہی ہے۔

سعودی وزیر تجارت نے دو طرفہ تجارتی تعلقات کو مضبوط کرنے پر خراج تحسین پیش کیااور کہا کہ گوہر اعجاز نےتجارتی تعلقات کو بڑھانے کیلئے خصوصی ذاتی دلچسپی لی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ہمارے بھائی ہیں، ان کیلئےہمارے دروازے کھلے ہیں جبکہ پاکستانیوں کیلئے سعودی عرب میں ملازمتوں کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

پاکستانی وفد میں پنجاب کے صوبائی وزیر برائے تجارت و صنعت ایس ایم تنویر، عارف حبیب، محمد علی ٹبہ اور ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شامل ہیں۔

وزیر تجارت و صنعت ڈاکٹر گوہراعجاز نے دورہ سعودی عرب کے دوران پاکستان سعودی بزنس فورم سے بھی خطاب کیا۔ گوہر اعجاز نے کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان دو طرفہ سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے قانون سازی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ تجارت کو 20 ارب ڈالرز تک لے جانا چاہتے ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تجارتی حجم توقعات سے کہیں کم ہے۔

 وزیر تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ پاکستان اور خلیجی ممالک کے مابین فری ٹریڈ ایگریمنٹ کی توثیق ہوچکی ہے۔ سعودی عرب خلیجی ممالک کا سب سے بڑا ملک ہے۔

فورم سے چیئرمین سعودی بزنس فورم حسن الحزاوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  پاکستان اورسعودی عرب کے مابین دو طرفہ تجارت میں 35 فیصد اضافہ ہوا ہے۔