کوئٹہ، 01 فروری(اے پی پی):وفاقی حکومت بلوچستان میں پرامن انتخابات کے لئے بلوچستان کوتمام تر وسائل مہیاکرے گی، نگران حکومت ملک میں آزادانہ انتخابات کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرےگی،انتخابات کے دوران صوبے میں ووٹرز اورامیدواران کوبھرپورتحفظ حاصل رہے گا، ملک میں امن و امان کا قیام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور جوانوں کی قربانیوں کا ثمر ہے۔
ان خیالات کا اظہار نگران وفاقی وزیر داخلہ ستارہ امتیاز ڈاکٹر اعجاز گوہر نے کوئٹہ سیکرٹریٹ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ نگران وفاقی وزیر و زیر داخلہ ستارہ امتیاز ڈاکٹر اعجاز گوہر نے بلوچستان میں الیکشن کے پرامن اورکامیاب انعقاد کیلئے صوبائی حکومت کی تیاریوں اور حکمت عملی پر اظہاراطمینان کیا اور کہا کہ حکومت اپنے جوانوں اور افسران کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔بلوچستان میں انتخابی عمل کے کامیاب انعقاد کے لئے بلوچستان کی صوبائی حکومت نے ایک جامع حکمت عملی تشکیل دی ہے اور حکومت بلوچستان کی اس ضمن میں کی گئی تمام کاوشوں کی تناظرمیں یہ بات وثوق سے کہی جاسکتی ہے کہ انتخابات کے دوران صوبے میں ووٹرز اور امیدوار ان کوبھرپورتحفظ حاصل رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ غربت کے خاتمے اور باعزت روزگار کے بہتر مواقعوں سے صوبے میں خوشحالی اور ترقی کی راہیں ہموار ہوں گی۔