اسلام آباد، 04 فروری (اے پی پی ): رہنما آل پارٹیز حریت کانفرنس زاہد اشرف نے کہا ہے کہ جس طرح ہر سال پاکستانی قوم پانچ فروری کو کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پہ مناتے ہیں اس سے اس بات کا ثبوت ملتا ہے کہ کشمیری عوام اس جدوجہد میں اکیلی نہیں ہے۔
اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اس جدوجہد میں پانچ فروری کو پوری پاکستانی قوم جس طرح کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ جس طرح کشمیری عوام کی اس جدوجہد میں کھڑے ہوتے ہیں اس سے کشمیری عوام کے حوصلے بلند ہوتے ہیں۔
زاہد اشرف نے کہا کہ کشمیری عوام جس طرح 75 ،76برسوں سے قابض بھارت کے خلاف اپنی جدوجہد آزادی میں مصروف ہیں تو اس میں پاکستان ان کو سپورٹ کرتا ہے یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ صرف یکطرفہ محبت نہیں بلکہ دوطرفہ باہم محبت ہے ۔
انہوں نے کہا کہ جو کشمیری نوجوان سینکڑوںاور ہزاروں کی تعداد میں پاکستانی پرچموں میں دفن کئے گئے ہیں جب پانچ فروری کا دن آتا ہے تو پاکستانی قوم ان سے بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہیں جس سے ان کے خاندانوں کو حوصلہ ملتا ہے اس کے علاوہ ہمارے جوقائدین اور کارکنان بھارت کی مختلف جیلوں میں قید ہیں ان کے حوصلوں کو تقویت ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جدوجہد تب تک جاری و ساری رہے گی جب تک بھارت کا قبضہ کشمیر سے ختم نہیں ہوتا ۔
زاہد اشرف نے مزید کہا کہ بحیثیت کشمیری اور بحیثیت کشمیری نوجوان میں پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وہ کشمیری عوام کے ساتھ پانچ فروری کو اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔











