اسلام آباد،9 فروری (اے پی پی): پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن نے دو پولش سیاحوں کے لیے استقبالیہ کا اہتمام کیا جنہوں نے حال ہی میں دیوسائی کے میدانوں کا موسم سرما کا سفر کیا اور برف پوش پہاڑوں کی چوٹیوں میں وقت گزارا۔دونوں سیاحوں مونیکا ویکوسکا اور جوانا موسٹوسکا نے میڈیا کو بریفنگ دی اور بتایا کہ یہ ایک انتہائی چیلنجنگ مہم تھی جس کو انہوں نے کامیابی سے مکمل کیا۔
انہوں نے پاکستان کو غیر ملکی سیاحوں کے لئے محفوظ قرار دیا اور کہا کہ پاکستانی لوگ بہت مہمان نواز ہیں اور سیاحوں کے ساتھ دوستانہ رویہ رکھتے ہیں۔
اس موقع پر مینجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی، آفتاب الرحمان رانا نے سیاحوں کو یادگاری شیلڈز دیں اور پاکستان کے ونٹر ٹورازم کو دنیا کے سامنے لانے کے لیے ان کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی سخت موسم کا سامنا کرتے ہوئے کسی بیرونی مدد کے بغیر گہری برف میں پیدل دیوسائی کو عبور کرنا ایک عظیم کارنامہ ہے۔
پاکستان میں ہر موسم کی سیاحت کے بہترین مواقع موجود ہیں اور غیر ملکی سیاحوں کو مختلف موسموں میں پاکستان آنا چاہئے اور ایکو ٹوارزم، ایڈونچر ٹوارزم اور دیگر اقسام کی سیاحت کی منفرد سرگرمیوں میں شریک ہونا چاہئے۔











