اسلام آباد،10 فروری(اے پی پی ): کامن ویلتھ مبصر گروپ کے سربراہ ڈاکٹر گڈلک جوناتھن نے کہا ہے کہ پاکستان میں انتخابات 2024 اچھے ماحول میں ہوئے ، لوگ بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنے کے لیے نکلے اور نوجوانوں کی بڑی تعداد الیکشن مہم کے لیے نکلی،ہم الیکشن کمیشن کی کارکردگی کو سراہتے ہیں۔
ہفتہ کو یہاں پریس بریفنگ کے دوران کامن ویلتھ وفد کے سربراہ ڈاکٹر گڈ لک جوناتھن نے کہا کہ ہم نے اور ہمارے نمائندوں نے الیکشن 2024ء کا مشاہدہ کیا، اس دوران کراچی، ملتان، حیدرآباد اور فیصل آباد کے پولنگ سٹیشنز کا دورہ بھی کیا۔
سربراہ کامن ویلتھ وفد نے کہا کہ پولنگ سٹاف نے بہت پروفیشنل طریقے سے کام کیا، الیکشن کمیشن کے سٹاف کے کام کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ای ایم ایس سسٹم بہترین کاوش تھی۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ ہم انتخابات کے ہونے پر مبارکباد دیتے ہیں، امید کرتے ہیں کہ انتخابی عمل اچھے طریقے سے مکمل ہو گا۔انہوں نے کہا کہ اس الیکشن میں اس مرتبہ لیگل فریم ورک کو بہتر بنانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔