گوجر خان ، 19 فروری(اے پی پی ): سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی پوٹھوہار کیمپس گوجر خان میں کلاسسز کے آغاز کا دن میرے لئے انتہائی خوشی کا دن ہے۔اس دن تک پہنچنے کے لئے ہماری کئی برسوں کی محنت شامل ہے۔
پنجاب یونیورسٹی پوٹھوہار کیمپس گوجر خان کا قیام میری اولین ترجیح تھی اس ادارے کے قیام کا خواب میں نے بینظیر بھٹو(مرحومہ) کے دور حکومت میں دیکھا تھا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز گوجر خان میں یونیورسٹی آف پنجاب پوٹھوہار کیمپس گوجر خان میں کلاسسز کے اجراء کے موقع پر منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ خطہ پوٹھوہار کو جدید، اعلیٰ اور معیاری تعلیم کی فراہمی کو میں اپنا نصب العین سمجھتا ہوں۔باؤلی کے مقام پر 800 سو کنال اراضی پر پوٹھوہار کیمپس کی تعمیر کی جائے گی۔اس زمین کے حصول کے لئے اہم نے دن رات ایک کیا۔کیمپس کی تعمیر کے لیے چار ارب روپے کی رقم کا بجٹ منظور ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ علاقوں کے نوجوان طلباء وطالبات کو گھر کی دہلیز پر اعلیٰ اور میعاری تعلیم کا حصول ممکن ہو گا۔گوجر خان کی عوام کی دعاؤں سے میں اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہوا۔لوگوں کے لئے بچوں اور خاص طور پر بچیوں کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے گھر سے دور بھیجنا کافی مشکل ہوتا ہے۔پنجاب یونیورسٹی پوٹھوہار کیمپس کے قیام سے یہ دیرینہ مسئلہ حل ہو گا۔اہلیانِ گوجر خان کی نوجوان نسل کے لئے یہ ہدف حاصل کرنا بہت ضروری تھا۔
چیئر مین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد نے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا راجہ پرویز اشرف نے خطہ پوٹھوہار کا حقیقی نمائندہ ہونے کا ثبوت دیا۔ پنجاب یونیورسٹی پوٹھوہار کیمپس گوجر خان کے قیام کیلئے راجہ پرویز اشرف کی بے مثال خدمات قابل تحسین ہیں۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پنجاب یونیورسٹی پوٹھوہار کیمپس ایک شاندار ادارہ بن کر ابھرے گا۔پنجاب یونیورسٹی پوٹھوہار کیمپس گوجر خان سے ہماری آنے والی نسلیں مستفید ہونگی۔
وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر خالد محمود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک پروفیسر کی حیثیت میرے لیے آج بڑی خوشی کا مقام ہے کہ اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے پنجاب یونیورسٹی پوٹھوہار کیمپس گوجر خان میں کلاسسز کا اجراءہو رہا ہے۔
پنجاب یونیورسٹی پوٹھوہار کیمپس گوجر خان کے ڈائریکٹر پروفیسر محمد مدثر غفور نے پنجاب یونیورسٹی پوٹھوہار کیمپس گوجر خان میں کلاسسز کے اجراءکی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قوم کی کامیابی کا دارومدار اس کے نوجوانوں کو اعلیٰ اور میعاری تعلیم سے آراستہ کرنے میں مضمر ہے۔ تقریب کے اختتام پر اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے یونیورسٹی آف پنجاب پوٹھوہار کیمپس گوجر خان کے قیام میں نمایاں خدمات سر انجام دینے والے اعلیٰ حکام کو اعزازی شیلڈز سے نوازا۔